عالمی یومِ ہیلتھ کوریج پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام
کوئٹہ، 12 دسمبر — وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معیاری، قابلِ اعتماد اور آسان صحت تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے مربوط، عملی اور پائیدار اصلاحات پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ صوبے کے ہر شہری تک بہتر علاج کی سہولت یکساں بنیادوں پر پہنچ سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے کئی خطوں میں قیامِ پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ بنیادی طبی سہولیات حقیقی معنوں میں فراہم کی جا رہی ہیں جو موجودہ حکومت کے تاریخی اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت سے متعلق پروگراموں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی فراہمی کے لیے اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل معاشرتی استحکام اور محفوظ مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جاری اصلاحات آئندہ برسوں میں بلوچستان کے عوام کو ایک مضبوط، محفوظ اور منصفانہ صحت کا نظام فراہم کریں گی۔


