پرامن شہریوں پر سیکورٹی فورسز کی فائرنگ خلاف آئین ہے : عبدالمجید کاکڑ
کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسو سی یشن کے پریذیڈنٹ عبدالمجید کاکڑ، سینئر وائس پریذیڈنٹ واجہ ظہور بلوچ، وائس پرذیڈنٹ راشد رحمن، وائس پریذیڈنٹ قلات زون قاضی حسن ساسولی، وائس پریذیڈنٹ ژوب زون کمال ناصر، جنرل سیکرٹری منظور بنگلزئی، جوائنٹ سیکرٹری صابرہ ارباب، فنانس سیکرٹری عمران کاکڑ، لائبریری سیکرٹری عبدالعزیز اچکزئی بمعہ ایگزیکٹیو کابینہ عبدالمالک مینگل، کلیم اللہ اچکزئی، عبدالرحیم کاکڑ، محمدعاصم، نوربخش بلوچ اور نعیم مری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں حکومت وقت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی نا اہلی افسوس کی علامت ہے، بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے آمرانہ اقدامات اپنا رکھے ہیں۔ حکومت وقت خواب خرگوش میں ہے اور عوام کو اللہ کے آسرے پر چھوڑا ہے۔ صوبے میں آئے روز ماورائے عدالت قتل کئے جا رہے ہیں۔ چاغی کے شہریوں نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی ظالمانہ فائرنگ سے قتل کردئیے گئے سیکورٹی فورسز نے نہ صرف ملک کے آئین کی خلاف ورزی کی اور نہتے عوام پر تشدد بھی کیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چاغی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ چاغی کے عوام کو انصاف دلایا جائے۔ بلوچستان بار کونسل نے سیکورٹی فورسز کے اس ظلم کیخلاف بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسو سی یشن بار کونسل کے ہڑتال کو سپورٹ کرتی ہے۔