ابھی ہم نے استعفے نہیں مانگے اور استعفوں کے انبار لگ گئے، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے استعفے نہیں مانگے اور استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘لاہور کا جلسہ تو 13دسمبر کو ہے لیکن آج لاہور میں قدم قدم پر جلسہ ہو رہا ہے، اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔’
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اب ان سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن سن لو نواز شریف تمہیں این آر او نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے باضابطہ استعفے نہیں مانگے اور میرے گھر پر استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں، لاہور والوں کا کیا فیصلہ ہے؟ جعلی اسمبلیوں میں بیٹھیں یا استعفیٰ دیں، اب آندھی آئے یا طوفان اب مینار پاکستان جلسے میں ملاقات ہوگی۔