کرونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے عملے کی حفاظت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنا اشد ضروری ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مرحلہ وار ویکسین کی فراہمی اور مانٹرنگ میکنزم کو ڈسٹرکٹ کی سطح تک لےجانے کیلئے شعوری کاوشیں کررہی ہے انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنا اشد ضروری ہے یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ میں سینئر سیٹیزنز کیلئے قائم کئے گئے او پی ڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا واضح رہے کہ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ میں کرونا کی ویکسین لگوا لی اس موقع پر میڈیا پرسنز سے گفتگو گورنربلوچستان نے کہا کہ تمام حفاظتی تدابیر کی مکمل پاسداری کیلئے عوامی شعور و آگاہی کی مہم چلانے میں میڈیا پرسنز بھرپور کردار ادا کریں انہوں نے کہا ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ویکسینشن کی سہولت صوبے کے دورافتادہ علاقوں کے لوگوں تک پہنچ جائے تاکہ وہ بھی کرونا ویکسینشن کے ثمرات سے بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ کروناوائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنانے سے ہی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے اس ضمن میں کرونا ویکسینیشن سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ آپ کی حفاظت اور صحت مندی کیلئے فراہم کی جارہی ہے اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ اور سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارباب کامران کاسی بھی موجود تھے۔