مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی ، 2نوجوان شہید
سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں سرینگر اور پلوامہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ایک نوجوان کو سرینگر کے علاقے بمنہ جبکہ دوسرے کوضلع پلوامہ کے علاقے واہی بگ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا،دوسری جانب قابض فوج نے مقبوضہ وادی کی بڑی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی برقراررکھی،بڑی مساجد کے باہر بڑی تعداد میں اہلکارتعینات کئے گئے ۔ادھر جموں کے ضلع راجوری میں11اکتوبر کو ایک حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجی گجن سنگھ کی بیوہ نے مودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے آزادی کے مطالبے کو پورا کرے ۔ ہرپیت کور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا اگر کشمیری کشمیر کو بھارت سے الگ کرنا چاہتے ہیں تو حکومت کو چاہیے کہ ان کی خواہش پوری کرے ۔ہلاک ہونے والے فوجی کی بیوہ نے مودی سے استفسار کیا کہ وہ اقتدار کے لیے دوسروں کے بیٹو ں کو کیوں قتل کروا رہے ہیں۔