جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا دورہ:تربیتی کیمپ کیلئے سخت پروٹوکولز کا سلسلہ آج سے شروع

0

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک) دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاریوں کی غرض سے تربیتی کیمپ کیلئے سخت پروٹوکولز کا سلسلہ آج سے شروع ہو جائے گا جب منتخب کھلاڑیوں کی ان کے گھروں پر پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگی،لاہور پہنچنے پر جمعرات کو دوسری آزمائش کے بعد 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز ہوجائے گا البتہ مثبت کوویڈ نتیجے پر متاثرہ کرکٹر کو آئسولیٹ ہونا پڑے گا،26 مارچ کو ٹور پر روانگی سے قبل بھی دو ٹیسٹ ہوں گے ،بائیو سیکیور ببل پر ہرگز مفاہمت نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دورے سے قبل تیاریوں کی غرض سے تربیتی کیمپ کے انعقاد پر متضاد آراء کے باوجود پی ایس ایل سے سبق سیکھتے ہوئے سخت پروٹوکولز کے نفاذ کا سلسلہ آج سے شروع ہو جائے گا جب منتخب کھلاڑیوں کو اپنے گھروں پر پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑے گا جبکہ ایک روز کے وقفے سے لاہور پہنچ کر انہیں جمعرات کو دوسری کورونا آزمائش درپیش ہوگی جس کے منفی نتائج کی بنیاد پر کھلاڑی 19مارچ سے قذافی اسٹیڈیم میں لگائے جانے والے کیمپ میں ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے البتہ مثبت نتیجے کی صورت میں متاثرہ کرکٹر کو آئسولیٹ ہونا پڑے گا۔پی ایس ایل سکس کے التواء کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے پی سی بی میڈیکل ڈپارٹمنٹ اینڈ اسپورٹس سائنسز کے سابق سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم ایک ماہ کا نوٹس پیریڈ پورا کر رہے ہیں جن پر بائیو سیکیور ببل کے حوالے سے کوتاہیوں کے الزامات عائد کئے گئے تھے ۔دوسری جانب ان کی جگہ ڈاکٹر ریاض کو بائیو سیکیورٹی افسر کے منصب پر فائز کردیا گیا ہے جو بائیو سیکیور ببل اور کوویڈ پروٹوکولز پر کسی بھی قسم کی مفاہمت نہیں چاہتے اور انہوں نے واضح کردیا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے گریز کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ہوٹل میں رہائش کے دوران ایس او پیز کا پوری طرح خیال رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کسی کو بھی گھر واپسی کا پروانہ تھمانے میں تامل نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ قومی کرکٹرز 26 مارچ کو جنوبی افریقہ روانگی سے قبل 21 اور 24 مارچ کو بھی کوویڈ ٹیسٹنگ کے عمل سے گزارے جائیں گے جس کا مقصد ماضی میں ہونے والی کوتاہیوں کی تلافی ہے اور پی سی بی حکام پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن والی صورتحال سے دوبارہ نہیں گزرنا چاہتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.