دہشتگردی کیس؛ عمران خان تھانے کے بجائے احاطہ عدالت میں شامل تفتیش پر تیار
خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں سماعت کے دوران وکیل بابر اعوان نے ملزم عمران خان سے احاطہ عدالت میں تفتیش کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کو ہراسمنٹ کی کوشش قرار دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، جہاں فاضل جج کے حکم پر عمران خان عدالت میں پیش ہو گئے، جہاں ان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی۔ سابق وزیراعظم کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل جج راجا جواد عباس کے استفسار پر وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش جوائن کر لی تھی۔
پولیس نے ہائی کورٹ کو غلط بتایا، بابر اعوان
بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمہ اخراج کی درخواست پر نوٹس ہو چکا ہے۔ پولیس نے ہائی کورٹ کو غلط بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش نہ ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر فیئر انویسٹی گیشن کر کے تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کرے۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش نہیں ہوئے ۔ وکیل نے بیان جمع کروا دیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے فاضل جج کی جانب سے سرزنش پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو 3 نوٹس بھجوائے ہیں۔ وکیل کے ذریعے ایک بیان آیا تھا، جس پر کہا تھا کہ وہ خود پیش ہوں۔ جج راجا جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ آپ تک بیان پہنچا، جسے آپ نے ریکارڈ کا حصہ ہی نہیں بنایا۔ اس سے تو آپ کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے۔
کیا ملزم کا آنا لازمی ہے؟ کون سا ہتھیار برآمد کرنا ہے، عدالت
عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ جے آئی ٹی کی تشکیل پر عدالت کی رہنمائی کریں۔ ایف آئی آر کے اندراج کو کتنے دن ہوئے اور جے آئی ٹی تاخیر سے کیوں بنی؟ بیان کو ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا؟ کیا ملزم کا آنا لازمی ہے؟۔کون سا ہتھیار برآمد کرنا ہے۔