یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان انتخابات نہیں ہار رہا، تو ‘فزیکلی ایلیمنیٹ’ کیا جائے، فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایلیمنیٹ کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کرنا بھی ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے، آج جو مریم نواز نے کیا یا اس سے پہلے فضل الرحمٰن کررہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کیونکہ عمران خان انتخابات میں نہیں ہار رہا، تو ان کو ‘فزیکلی ایلیمنیٹ’ کیا جائے۔
اسلام آباد میں ثانیہ نشتر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک دو صحافیوں کا گروپ جو اسٹرٹیجک میڈیا سیل کے ساتھ کام کرتا ہے، اس نے بھی ایک ویڈیو بنا کر ڈالی، یہ سارے لوگ دراصل عمران خان کے قتل کے اوپر کام کر رہے ہیں، یہ ساری اسکیم کے چھوٹے چھوٹے حصے دار ہیں، مذہبی منافرت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کرنا بھی ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس حکومت نے توہین مذہب کے مقدمات بنائے، پھر دہشت گردی کے مقدمات بنائے، جب بات نہیں بنی تو یہ لوگ مختلف بیانات کو لے کر مذہبی منافرت کا ماحول بنانا چاہتے ہیں۔