افغان حکومت نے مزید سو طالبان قیدی رہا کر دیے
کابل : امریکا اور طالبان کے مابین امن ڈیل کے تحت افغان حکومت نے جیلوں میں قید مزید سو طالبان کو رہا کر دیا ہے۔ افغانستان کی قومی سلامتی کی کونسل نے تصدیق کر دی ہے کہ ڈیل کے تحت جیلوں میں قید افغان طالبان کے ایک اور گروپ کو رہائی دے دی گئی ہے۔ یوں بدھ سے اب تک مجموعی طور پر تین سو طالبان قیدیوں کو آزادی دی جا چکی ہے۔ حال ہی میں امریکا اور طالبان نے افغانستان میں قیام امن کی خاطر ایک ڈ یل کو حتمی شکل دی تھی، جس میں کئی دیگر شرائط کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ بھی شامل تھا۔ افغان حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان قیدیوں کی رہائی خیر سگالی کے جذبے تک تحت کی جا رہی ہے لیکن ساتھ ہی نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا بھی ایک اہم وجہ بنی ہے۔