
کوئٹہ 20نو مبر :۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔افسران ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں صوبائی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے بدعنوانی کے ناسور کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے کچھی بمقام ڈھاڈر میں ڈپٹی کمشنر کے آفس میں عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا بعد ازاں سنی شوران میں بھی صوبائی وزیر نے مختلف وفود سے ملاقات ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی بمقام ڈھاڈر سلطان احمد بگٹی ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون ڈی پی او کچھی ارشاد گولہ بھی موجود تھے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں صوبائی حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے صوبے کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنائیں گے عوام سے کیے گے وعدے پورے کر یںگے۔ ہمیں اقتدار ایک ایسے وقت میں ملا جب ملک مسائل و مشکلات کی دلدل میں گھرا ہوا تھا۔ لیکن وزیراعلی کی ولولہ انگیز قیادت و مضبوط عزائم کی بدولت ملک میں امن کی مزید بحالی اور ملک کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنانے کا عزم کر رکھا ہے صوبے کو مصائب مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے عوام نے جو ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حقوق ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کو ان کی تعلیمی قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں بلوچستان کے نوجوان تعلیمی قابلیت کے ساتھ بہترین صلاحیتوں کے مالک بھی ہیں لہذا مرکز میں بلوچستان کے کوٹے پر مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں میں ان کا جائز حصہ دینے کی سفارش بھی کی جائے گی۔



