نیویارک ،اسپتال لاشوں سے بھر گئے، امریکی نرس کی زارو قطار روتے ہوئے روداد
نیو یارک/ امریکی ریاست نیویارک کے سینٹرل پارک میں قائم عارضی اسپتال کی نرس اپنی روداد سناتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور اس قدر آبدیدہ ہوئی کہ ہچکیاں بندھ گئیں۔35 سالہ ڈینئل شومل نامی نرس نے اپنے فون پر ویڈیو پیغام ریکارڈ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنا دکھ کسی سے بیان بھی نہیں کرسکتی کیونکہ اس کی ساتھی نرسیں بھی اتنا ہی ذہنی دبا ئوکا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مریضوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں مگر اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو دیکھنا پڑ رہا ہے کہ وہ جان لڑا کر بھی انہیں نہیں بچا پاتیں۔انہوں نے بتایا کہ نرسوں کی تربیت مریضوں کا دیکھ بھال رکھنے کے لیے کی جاتی ہے مگر وہ جس کمرے میں جاتی ہیں وہاں لاشیں ہوتی ہیں۔ آنسو بھری آنکھوں سے نرس کا کہنا تھا کہ ان سے یہ ممکن ہی نہیں ہو پاتا کہ لواحقین کو فون کرکے بتائیں کہ آپ کا مریض اب دنیا میں نہیں رہا۔انہوں نے اپیل کی کہ لوگوں کوچاہیے وہ اس مرض کو پھیلنے سے روکیں اور طبی عملے کو سہولت فراہم کریں۔