غیر یقینی سیاسی صورتحال نے سٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھا دیا، 911 پوائنٹس کی مندی
ملک بھر میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے غیر یقینی سیاسی صورتحال، بڑھتی ہوئے مہنگائی اور نئے ٹیکسز کی خبروں نے سٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھا دیا۔ رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس 911 پوائنٹس گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے کاروباری روز کے دوران بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کا آغاز ہی منفی انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 107 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی تاہم دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس میں تیزی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس 58.21 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔
تاہم اس دوران غیر یقینی سیاسی صورتحال کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر پڑنا شروع ہوئے تو دوپہر دو بجے تک انڈیکس میں 477.43 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور اس کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس میں 1 ہزار سے زائد پوائنٹس کھو بیٹھا تھا۔ اور انڈیکس 42688.20 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 911.92 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی، گراوٹ کے باعث مزید 43600، 43500، 43400، 43300، 43200، 43100، 43000، 42900، 42800، 42700 کی حدیں گر گئیں اور انڈیکس 42779.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران انڈیکس میں 2.09 فیصد کی مندی دیکھی گئی اور 19 کروڑ 69 لاکھ 28 ہزار 638 شیئرز کا لین دین ہوا، بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 180 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
گزشتہ چار کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 3 ہزار 58 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی ہے، سٹاک مارکیٹ 63 کاروباری دنوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایک سال کے بعد چار روز میں سب سے بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ اس قبل 4 مارچ 2020 کو اتنی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے بادل چھائے ہوئے ہیں جس میں سب سے بڑی وجہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لیے بھاگ دوڑ شامل ہے، سینیٹ الیکشن کل ہوں گے، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے لانگ مارچ کی دھمکی کے اثرات بھی حصص مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سیاسی حالات کے علاوہ مزید وجوہات بھی ہیں، حکومت کی طرف سے ممکنہ طور پر آئی ٹی سمیت دیگر سیکٹرز میں نئے ٹیکسز کے اثرات بھی حصص مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں جبکہ مہنگائی کے اثرات بھی سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجوہات میں سے ایک ہیں۔