کویت کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی میں جمعے کے روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو ایشیائی ملازم جاں بحق ہوگئے۔
کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی (کے این پی سی) کی جانب سے جمعے کے روز واقعے سے متعلق بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ منال ال احمدی آئل ریفائنری پلانٹ پر ہونے والی آتشزدگی میں دو ایشیائی ملازمین جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے جن میں سے تین کو تشویشناک حالت میں ال عدن اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو ملازمین کو کمپنی کے اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کر کے گھر روانہ کردیا گیا ہےکمپنی کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں ملازمین جائے وقوعہ پر اپنی معمول کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے
کے این پی سی نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے بعد ایکسپورٹ آپریشن کو بند کردیا گیا ہے۔ آخری موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل جاری تھا۔
اس سے قبل مشینوں کی مرمت کے دوران بھی ریفائنری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 ملازم جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یہ ریفائنری یومیہ 25 ہزار بیرل تیل ریفائن کرتی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ کی طلب پوری کی جاتی ہے