ضلع پشین کی دو اضلاع میں تقسیم غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی ہے، پشین بچاﺅ تحریک
پشین (آن لائن) پشین بچاﺅو تحریک ضلع پشین کے رہنما ملک لطیف اللہ ترین، سید بصیر آغا، وزیر محمد ترین، حاجی حبیب اللہ ترین، عبدالباری کاکڑ اور دیگر نے میڈیا ہاوس پشین میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین بچاو تحریک ایک غیر سیاسی سماجی اور فلاحی تنظیم ہے جو گزشتہ سال ضلع پشین کے دو اضلاع میں غیر قانونی اور بے انصافی پر مبنی تقسیم کیخلاف وجود میں آئی۔ضلع کی تقسیم کا مسئلہ بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اور پشین بچاﺅو تحریک کیس میں باقاعدہ بطور فریق شامل ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری کرانیوالی محکمہ شماریات کے جاری کردہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ضلع پشین کی آبادی 13لاکھ 55 ہزاراور صوبہ بلوچستان کی آبادی دو کروڑ تیئس لاکھ تھی جبکہ اب ڈسٹرکٹ پشین کی آبادی میں سے 5لاکھ20 ہزار اور صوبے کی آبادی میں سے 75لاکھ 35ہزار کا کٹ لگا کر مشترکہ مفادات کونسل نے ضلع پشین کی کل آباد ی 8,35000 اور بلوچستان کی ٹوٹل آبادی 1کروڑ 48لاکھ منظور کی ہے جو کہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ پشین بچاو تحریک کی کابینہ، بلوچستان بالخصوص پشین کے عوام حالیہ مردم شماری کے اس خود ساختہ اور بے انصافی والے نتائج کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اس ناانصافی کے خلاف اور اپنا جائز حق حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کے پرامن احتجاج اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح اندازہ لگا کر مردم شماری کے اعداد و شمار غیر منضفانہ طریقے سے جاری کرنا تھے تو پھر ملک و قوم کے اربوں روپے کیوں ضائع کئے گئے انہوں نے کہا کہ تین چار ماہ تک اساتذہ کو مردم شماری میں مصروف کرکے تعلیمی اداروں میں تعلیم کو کیوں متاثر کروایا گیا ۔ ہم اس طرح بغیر کسی فارمولے کے مختلف اضلاع میں مختلف ریشو کے ساتھ مردم شماری کے نتائج جاری کرنا صوبے میں آباد مختلف اقوام کے درمیان چپقلش کا سبب اور ملک کے خلاف سازش سمجھتے ہیں ۔ حکام بالا سے ضلع پشین سمیت پورے بلوچستان کی مردم شماری کے نتائج ٹیبلٹس کے گھر گھر سے جمع کئے گئے اعداد و شمار اور آبادی کے مطابق منظور اور جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ پشین میں سکولوں کی اجتماعی صورتحال تسلی بخش نہیں سینکڑوں سکول مختلف وجوہات کی بنا پر بند پڑے ہیں اور کئی سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور غیر حاضری کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے پشین بچاﺅ تحریک نے ضلعی انتظامیہ سے سکولوں کی حالت زار پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔