وفاقی وصوبائی اسکیمات کے عوض اپنا نظریہ بیچنے والے ہمیں نہ سکھائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ چند وفاقی وصوبائی اسکیمات کے عوض اپنا نظریہ بیچنے والے ہمیں نہ سکھائیں ،ثناءبلوچ آپ اور آپ کی پارٹی نے 40سالوں سے لوگوں کو اشتعال دلا دلا کر یہاں خون ریزی کرائی ہے ،ایک موقف رکھیں آپ کی ہر نئے جگہ پر نیا موقف ہوتاہے ،اپنے 20سالہ سیاسی ورکر کو نظرانداز کرنے والے ہمیں نظریہ بارے بتا رہے ہیں ،لسبیلہ میں جتنی سیاسی ،جمہوری آزادی ہے شاید ہی کہیں اور ہوں ،لسبیلہ ماربل سٹی اور انڈسٹریل زون ہے جہاں پولی ٹیکنیک ،بی آر سی ،یونیورسٹی ،6کالجز بنے ہیں ہم اپنی نوابی نہیں چلا رہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ثناءبلوچ کی گزشتہ روز کی گئی تقریر پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ثناءبلوچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ 40سالوں سے آپ اور آپ کی پارٹی نے بلوچستان کے لوگوں کو اشتعال دلا دلا کر صوبے میں بہت خون ریزی کرلی ،آپ کی اسمبلی میں ایک ،میڈیا میں دوسری ،نجی محفلوں میں تیسری اور باقی جگہوں پر چوتھی ،باہر ملک میں پانچویں ،بلوچستان کے دیہی علاقوں میں چھٹی موقف ہوتی ہیں ،ایک موقف اپنائیں اور اسی پر عمل کریں ،انہوں نے کہاکہ چند وفاقی ،صوبائی اسکیمات ،ایکسینوں اور ٹھیکوں پر اپنا فلسفہ بیچنے والے ہمیں ترقی بارے نہ سکھائیں کہ ترقی کیا ہوتی ہے جو اپنے ہی پارٹی کے 20سالہ پرانے ورکر کو سینیٹ سیٹ پر ترجیح نہ دے سکیں وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ سوچ کیا ہے ،یہ کونسا نظریہ تھا جس نے خضدار کے ایک پڑھی لکھی ورکر کو ٹکرا کر ایک دن میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی کو ٹکٹ دے دیا ،انہوں نے ثناءبلوچ کے گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ کون ہے جو جنگل سے لکڑی نہیں کاٹ سکتا آپ کے عجیب منطق اور معلومات ہیں یا شاید آپ کے پارٹی والوں کے پاس ایسا ہوتا ہوگا ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے ،شپ بریکنگ کے زیادہ ترپلاٹ گڈانی کے اپنے لوگوں کے ہیں جو اسی سے مستفید ہورہے ہیں اور الحمد اللہ یہی کے لوگوں نے مائننگ اور ماربل سے کمایاہے ،لسبیلہ میں پولی ٹیکنیک ،بی آر سی ،یونیورسٹی ،6کالجز ہیں اور یہ ماربل سٹی اور انڈسٹریل زون بھی ہے یہاں ماہی گیری بھی ہورہی ہے ،آپ وڈھ یا کہیں اور ایسی تقریر کرتے تو شاید حقیقت بن جائیں ہم نے لسبیلہ کو بند یا پسماندہ نہیں رکھا کہ اپنی نوابی چلائیں انہوں نے کہاکہ جتنی سیاسی ،جمہوری آزادی لسبیلہ میں ہے شاید ہی کہیں اور ہوں ۔