جو روٹ اور بین اسٹوکس کو آؤٹ کرنا خواب تھا، ابرار احمد
ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لے کر تاریخ رقم کرنے والے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ جو روٹ اور بین اسٹوکس کو آؤٹ کرنا خواب تھا، پچ پر نہیں پرفارمنس پر توجہ ہے۔
ملتان ٹیسٹ میں انگلش ٹاپ اور مڈل آرڈر کی دھجیاں اڑنے والے پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی ہی اننگز میں 7 وکٹیں لینے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہیڈ کوچ نے گزشتہ شام بتایا تھا کہ آپ کل کھیل رہے ہو، جو روٹ اور بین اسٹوک کو آؤٹ کرنا خواب تھا، پچ پر زیادہ فوکس نہیں، پرفارمنس پر توجہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے مسٹری اسپنر تھا لیکن اب لیگ اسپن پر زیادہ فوکس کر رہا ہوں، سابق قومی کپتان سرفراز احمد کے ساتھ بہت اچھا تعلق ہے، انہوں نے کہا تھا سندھ کا میچ سمجھ کر کھیلو۔
ابرار احمد نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 22 اوورز کرائے اور 114 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انگلش ٹیم 281 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالئے۔