اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے سنکیانگ پر بحث مسترد کردی
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے بیجنگ کی جانب سے شدید لابنگ کے بعد چین کے علاقے سنکیانگ میں وسیع پیمانے پر ہونے والی مبینہ زیادتیوں پر بحث منعقد کرنے کے خلاف ووٹ دیا، جس سے مغربی ممالک کو بڑا دھچکا پہنچا۔
امریکا اور اتحادیوں نے گزشتہ ماہ چین کو نشانہ بنانے والے فیصلے کا پہلا مسودہ اقوام متحدہ کے حقوق کے اعلیٰ ادارے کے سامنے پیش کیا تھا جس میں سنکیانگ پر کم از کم بحث کی کوشش کی گئی تھی۔
یہ اقدام اقوام متحدہ کے حقوق کی سابق سربراہ مشیل بیچلیٹ کی جانب سے سنکیانگ پر طویل عرصے سے تاخیر کا شکار رپورٹ جاری کرنے کے بعد سامنے آیا، جس میں مغربی خطے میں ایغوروں اور دیگر مسلم اقلیتوں کے خلاف انسانیت کے خلاف ممکنہ جرائم کا حوالہ دیا گیا تھا۔