کابل میں دہشت گرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوشش قابل مذمت اور شرانگیز ہے،ترجمان دفتر خارجہ

0

اسلام آباد (آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم بھارتی میڈیا میں ان کی حکومت کے زیر اثر شائع ہونے والی رپورٹ مسترد کرتے ہیں جس میں 25 مارچ 2020ء￿ کو کابل میں گوردوارے پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ قابل مذمت اور شرانگیز حرکت ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میںکہا گیا ہے کہ پاکستان نے گوردواے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ عبادت گاہیں مقدس ہوتی ہیں اور ان کے تقدس واحترام کو ہر حال میں مقدم رکھاجانا چاہئے۔ اس بہیمانہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی بشمول سرحد پار سے ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے طورپر پاکستان کی یہ پختہ سوچ ہے کہ دہشت گردی کی ایسے قابل نفرت کارروائیوں کا کوئی سیاسی، مذہبی اور اخلاقی جواز نہیں ہوسکتا۔ بھارتی میڈیا میں جان بوجھ کر شائع کی جانے والی ایسی رپورٹس کا بنیادی مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی مجموعی کردار کشی اور کیچڑ اچھالنے کی مہم کو سب جانتے ہیں۔ پاکستان کو دہشت گرد حملے میں ملوث کرنے کی مذموم بھارتی کوشش دراصل بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور ناقابل قبول اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا

Leave A Reply

Your email address will not be published.