شرمین عبید کا سندھ و بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کیلئے ’مینٹورشپ‘ پروگرام کا اعلان
’آسکر‘ اور ’ایمی‘ ایوارڈز یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے اپنے پروگرام ’پٹاخا پکچر‘ کے تحت سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کے لیے ’مینٹور شپ‘ کا اعلان کردیا۔
شرمین عبید چنائے نے ’پٹاخا پکچر‘ کا منصوبہ گزشتہ برس شروع کیا تھا اور اس کے تحت جنوری 2022 میں پہلی بار ملک بھر کی 10 خواتین فلم سازوں کو 12 ہفتوں کی تربیت اور معاونت فراہم کی گئی تھی۔
تین ماہ تک جاری رہنے والے ’مینٹور شپ‘ پروگرام کے دوران منتخب ہونے والی 10 خواتین فلم سازوں نے منصوبے کے تحت 10 منٹ کی دستاویزی فلمیں تیار کی تھیں۔
اس کے بعد ’پٹاخا پکچر‘ کی چھتری تلے شرمین عبید چنائے نے ’تائیوان پچ‘ کے تحت بھی ایک منصوبہ شروع کیا تھا، جس میں دنیا بھر کی خواتین فلم سازوں کو ’مینٹورشپ‘ دی گئی تھی اور اس میں پاکستان سے بھی فلم ساز خواتین منتخب کی گئی تھیں، جنہیں تائیوان میں جاکر تربیت دی گئی تھی۔