
کوئٹہ : صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے کہا ہے کہ وہ میڈیکل اسٹوڈنٹس جنہوں نے اپنا میڈیکل ٹیسٹ پاس کرلیا ہے انکے انٹرویوز کوئٹہ کے بجائے اب انکے متعلقہ اضلاع میں منعقد ہونگے طلباء کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو ریلیف فراہم کرنے کے لئے یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف علاقوں سے آئے ہوئے میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلباء کی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے میڈیکل طلباء کو انٹرویو دینے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے سخت سردی کے موسم میں طلباء کو سفری مشکلات، رہائش سمیت دیگر اہم مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی طلباء مستقبل کے معمار ہیں ان کو ریلیف اور مشکلات سے نجات دلانا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام طلباء جنہو ں نے اپنا میڈیکل ٹیسٹ پاس کرلیا ہے اب وہ انٹرویو دینے کے لئے کوئٹہ آنے کی زحمت نہ کریں بلکہ انکے انٹرویوز اب انکے متعلقہ اضلاع میں لئے جائیں گے انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کے متعلقہ آفیسر ان کو احکامات جاری کردئیے ہیں جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے صوبائی حکومت ان مشکلات کو حل کرنے کے لئے فوری طور اقدامات کرے گی ہمارا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے انٹرویوز کے لئے طلباء کو آنے جانے کے لئے جو پریشانیاں درپیش تھیں اب وہ دور کر لی گئی ہیں آنے جانے میں طلباء کا کافی وقت ضائع ہوتا تھا اسی طرح ہر شعبے میں بہتری کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے میڈیکل اہم شعبہ ہے نوجوان نسل بہتر مستقبل اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے محنت اور لگن سے پڑھائی کریں اور اپنا سارا وقت کتابوں کو دیں بلوچستان کے تمام اضلاع کے میڈیکل کالجز اور اداروں کا جلد دورہ کرکے طلباء اور عملہ سے ملاقاتیں کرونگا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں، میڈیکل کالجز، سمیت دیگر اداروں میں اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی، درس و تدریس سمیت دیگر معاملات میں بہتری کیلئے مزید کوشش کی جائیں گی اور ہسپتالوں میں عملہ ڈاکٹرز دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کے ساتھ ہر ممکن مدد اور تعاون کرے اور انکے ساتھ خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آیا کریں شکایات ملنے پر سخت کاروائی کی جائے گی۔



