ڈینگی بخار وبائی شکل اختیار کرگیا، کراچی میں ایک اور شخص دم توڑ گیا
اسلام آباد/ کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بخار وبائی شکل اختیار کرگیا، کراچی کے جناح ہسپتال میں مرض سے متاثرہ شخص دم توڑ گیا، راولپنڈی، اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ہونے لگا، کراچی سے خیبر تک ہزاروں افراد کو مرض نے لپیٹ میں لے لیا۔ کراچی میں ڈینگی بخار نے ایک اور مریض کی جان لے لی، 25 سالہ شہزاد جناح ہسپتال میں زیر علاج تھا، رواں برس مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔اسلام آباد، راولپنڈی میں ڈینگی نے شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا، جڑواں شہروں میں مزید 235 افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے، متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہوگئی، مرض دونوں شہروں میں 35 افراد کی جان لے چکا ہے۔فیصل آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مزید 6 افراد کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، لاہور، رحیم یارخان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی سینکڑوں مریض سامنے آگئے۔خیبر پختونخوا میں بھی مزید 72 لوگ ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے، پشاور، سوات اور دیگر شہروں میں مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزا 200 سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔