ریکوڈک بلوچستان کی آئندہ نسلوں کی بقاء کی علامت ہے ، جنرل قادر بلوچ
کوئٹہ : پیپلز پارٹی کے صوبائی کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور سابق گورنر وفاقی وزیر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ ریکوڈک بلوچستان کی آئندہ نسلوں کی بقاکی علامت ہے۔ ریکوڈک کے مجوزہ معاہدے میں بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کو مقدم رکھا جائے،صوبے کے مفادات کے برعکس کسی معاہدے کو قبول نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنرل(ر)قادر بلوچ نے مزید کہا کہ ریکوڈک سے صوبے کی آئندہ ترقی خوشحالی وامن وابستہ ہے،اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو آئندہ وقتوں میں صوبے اور ملک پر اس کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت ریکوڈک کے مجوزہ معاہدے پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرکے محض ارکان اسمبلی کو بریفنگ دے کر اس حساس نوعیت کے معاملے سے اپنی جان نہیں چھڑا سکتی ریکوڈک سے متعلق صوبے کی سیاسی جماعتوں جن کی اسمبلیوں میں نمائندگی رہی ہے ان جماعتوں کے قائدین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اور ان سے رائے لی جائے ریکوڈک سے متعلق معاملات کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس حساس معاملے پر صوبے کے اجتماعی قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر ایسا فیصلہ کرے جو صوبے اور ملک کے مفاد میں ہو۔