احتساب عدالت کی سلیم مانڈوی والا کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے 2 ہفتے کی مہلت
اسلام آباد : احتساب عدالت نے نیب کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے دو ہفتے کی مہلت دے دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس سکینڈل میں سلیم مانڈوی والا کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ جج نے نیب سے پوچھا کہ کیا یہ مکمل ریفرنس ہے ؟ یا ضمنی ریفرنس بھی دائر کرنا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ مرکزی ریفرنس ہے ضرورت پڑنے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
عدالت نے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ نیب ریفرنس نجی ٹرانزیکشن کا ہے، دونوں فریق راضی ہیں، کوئی شکایت کندہ نہیں، سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن پی ڈی ایم کا فورم قائم رہے گا اوپن بیلٹ کا فیصلہ پارلیمنٹ سے ہوگا۔