بلوچستان میں مون سون سسٹم کی شدت میں کمی آگئی

0

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں مون سون سسٹم کی شدت میں کمی آگئی ہے، جس کے بعد بارشیں برسانے والا مون سون سسٹم سندھ اور بلوچستان میں کمزور پڑ گیا ہے۔ اس سے قبل میٹ آفس نے 3 جولائی کی شام سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمے کے مطابق سسٹم کا مرکز بحیرہ عرب کے اندر موجود ہے اور آج رات سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بارش برسانے والے سسٹم کا مرکز کراچی کے جنوب مغرب میں بحیرہ عرب میں موجود ہے۔

اس سسٹم کے تحت دادو، لسبیلہ، تھرپارکر، حیدرآباد، سمیت مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

قبل ازیں میٹ آفس کی جانب سے 2 جولائی سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

چیف میٹرولوجسٹ

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے، جو آج شام یارات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔ سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثرانداز رہے گا، جس کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی موجود ہے جب کہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثر انداز ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 75 فیصد ہے۔

بل بورڈز

ادھر شہری انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی اب تک نہیں ہوسکی، اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر لگے بل بورڈز اور ہورڈنگز بھی نہ ہٹائے جاسکے۔

نالوں کی صفائی تاحال نہ ہوسکی

کہاں کی رین ایمرجنسی کون سے اقدامات؟؟۔۔ وزراء کے دورے کے بعد بھی نیو چالی نالہ صاف نہ ہوسکا۔ نالے میں کچرے کا ڈھیر موجود ہے۔

گزشتہ ہفتہ 2 جولائی کو سماء پر خبر چلنے کے بعد صوبائی وزرا ناصر شاہ اور شرجیل میمن نے نالے کے مقام کا دورہ کیا تھا۔ تاہم وزراء کے دورے کے بعد بھی نیو چالی نالہ صاف نہ ہوسکا۔ ایک اندازے کے مطابق شہر قائد میں چھوٹے بڑے 500 سے زائد نالوں کی صفائی تاحال نہ ہوسکی۔

پیشگی انتظامات کیلئے اجلاس

دوسری جانب بارش کے پیش نظر سرکاری حکام نے اتوار کے روز اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرغربی کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں بارشوں کے متعلق پیشگی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بلدیاتی اداروں سمیت پولیس، رینجرز کے اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہونگے۔

ملک کے دیگر علاقے

محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

ان علاقوں میں آنے والے دنوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی بھی توقع ہے۔ اتوار کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ماہی گیروں کیلئے الرٹ جاری

تین سے 05 جولائی 2022 کے دوران سمندری حالات خراب/بہت ناہموار ہو سکتے ہیں۔ اس دوران ماہی گیروں کو زیادہ احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم، کشمیر ، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش: کشمیر: مظفر آباد (ائیر پور ٹ 07، سٹی 05)،

بلوچستان:خضدار01

پنجاب : قصور میں 01 ، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گز شتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: نوکنڈی، دالبندین48 اور سبی میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.