بنگلہ دیش نے تیج الاسلام کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 150 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

0

بنگلہ دیش نے تیج الاسلام کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 150 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، نیوزی لینڈ کی ٹیم 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، تیج الاسلام نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،

بنگلہ دیش کی یہ اپنی سر زمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی فتح ہے ، ہفتہ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 113 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈیرل مچل 44 اور ایش سودی 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔

ڈیرل مچل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 58 رنز بنانے کے بعد نعیم حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ، اس کے بعد کپتان ٹم ساؤدی بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں ایش سودی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 178 تک پہنچا دیا ، ٹم ساؤدی نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بنا کر تیج الاسلام کا نشانہ بنے ۔

ایش سودی کو بھی تیج الاسلام نے 22 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلا دی ، نیوزی لینڈ کی ٹیم 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.