برازیل میں غار بیٹھ جانے سے 9 فائر فائٹر ہلاک، متعدد زخمی
ساؤ پاؤلو: برازیل میں دوران تربیت غار ڈھے جانے سے 9 فائر فائٹر دب کر ہلاک ہوگئے۔
ساؤ پالو فائر ڈیپارٹمنٹ نے ٹویٹر پر اس حادثے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ برازیلی شہر التینوپولس میں واقع دعاز بوکاس غار میں 23 فائر فائٹرز تربیتی مشق کر رہے تھے کہ اچانک غار کی چھت ڈھے گئی، جس کے نتیجے میں 9 فائر فائٹر ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک کو بہ حفاظت ملبے سے نکال لیا گیا۔
ابتدائی طور پر حکام نے 3 افراد کےزخمی اور 6 کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تھی، جب کہ ایلتینو پولس کے میئر آفس سے جاری ہونے والے بیان میں 15 فائر فائٹرز کے ملبے تلے دبے ہونے کا بتایا گیا ہے۔
پولیس اور ایمرجنسی ہیلتھ ٹیم نے غار کے اندر پھنسے ہوئے فائر فائٹرز کو باہر نکالنے کے لیے مشترکہ آپریشن کیا تاہم شدید بارش کی وجہ سے آپریشن کو روکنا پڑا۔ اس بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقہ ہونے اور غار کے مزید ڈھا جانے کے خطرے کے پیش نظر جائے حادثہ تک رسائی بہت مشکل ہے۔
ساؤ پالو کی گورنر جوا ڈوریا کا کہنا ہے کہ متاثرین کو بہ حفاظت باہر نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے جب کہ غار کے گرنے کی وجوہات کا ابھی تک تعین نہیں کیا گیا ہے۔ التینوپولس ساؤ پولو سے تقریباً 300 کلو میٹر جنوب میں واقع ہے اور اپنی غاروں کی وجہ سے یہ علاقہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی ہے۔