ہریتھک کی اپنی اہلیہ سے طلاق کیوں ہوئی؟ سوزین خان کے بھائی نے وجہ بتادی
بالی ووڈ اداکار اور سوزین خان کے چھوٹے بھائی زید خان نے اپنی بہن کی ہریتھک روشن سے طلاق کے 14 سال بعد کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رشتہ بننے کے لیے نہیں تھا۔
بھارتی اداکار زید خان نے ہریتھک روشن اور سوزین خان کی 14 سالہ شادی کے خاتمے پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں خاندانوں نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہریتھک اور سوزین کو علیحدگی کے بعد اپنی خوشی تلاش کرنے کی آزادی دی۔
سوزین خان کے چھوٹے بھائی نے حالیہ انٹریو میں کہا کہ یہ رشتہ بننے کے لیے نہیں تھا اور انہوں نے اختلافات کے ساتھ رہنے کے بجائے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا، اور اگر آپ کسی ایسی چیز کو زبردستی قائم رکھنے کی کوشش کریں جو حقیقت میں نہیں ہے، تو دونوں افراد تکلیف میں رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس آپ کے بچے ہیں، جن کی زندگی میں شامل ہونا، ان کی پرورش کرنا اور انہیں اچھا انسان بنتے دیکھنا ہی اصل توجہ بن جاتا ہے۔
فلم ’میں ہوں نا‘ کے اداکار نے مزید کہا کہ دونوں خاندانوں نے سمجھداری دکھائی اور انہیں اپنی اپنی خوشیوں کی تلاش کی اجازت دی اور اب یہ ختم ہو چکا ہے، اب ہمیں آگے بڑھ کر اپنی خوشی تلاش کرنی چاہیے۔