کالعدم تنظیم کا لانگ مارچ، دریائے چناب کا پل دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا
کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے لانگ مارچ کے معاملے پر دریائے چناب کے پل کو دونوں اطراف سے کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب سے 500 میٹر کے فاصلے پر رینجرز نے ریڈ لائن لگا دی، پل پر ہر طرح کی ٹریفک اور عوام کی آمد و رفت بند ہے۔
کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج کے سبب جی ٹی روڈ بھی جگہ جگہ سے بند ہے۔ گجرات، کھاریاں،سرائے عالمگیر اور جہلم کے زمینی راستے منقطع ہو کر رہ گئے۔ تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور بازار بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اُدھر وزیر آباد میں کالعدم جماعت کے مظاہرین کے پڑاؤ کا آج دوسرا دن ہے جس کے باعث شہر کی طرف آنے جانے والے راستے بند ہیں، عوام کی روزمرہ زندگی کے معمولات مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔