پی ڈی ایم آج ڈیرہ غازی خان میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی ، جلسے کی تیاریاں مکمل
لاہور : حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے مشن میں پی ڈی ایم آج ڈیرہ غازی خان میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ریلوے اسٹیشن پارک میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان خطاب کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن کے دیگر مرکزی رہنماوں کا خطاب بھی شیڈول ہے۔لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے خلاف پی ڈی ایم کا آج ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام ہو گا۔ آج پی ڈی ایم کا جلسہ ظالم حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بات سمجھ آ گئی ہے کہ عمران صاحب سے نجات ہی مہنگائی سے نجات ہے۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی،یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے -موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے – سب سے پہلے ہم سب کے لئے پاکستان کا مفاد مقدم ہے اور یہ مقدم رہے گا- انہوں نے مزید کہا کہ افسو س کا مقام ہے کہ اپوزیشن جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاسی دکانداری چمکا رہی ہیں – عجلسے جلوسوں سے ملک کو آگے نہیں لے جایا سکتا۔