سی پیک سبزل روڈ کی توڑ پھوڑ سے متعلق افواہیں بے بنیاد — فلائی اوور کی تعمیر سے کوئٹہ میں نارتھ–ساؤتھ ٹریفک نظام میں انقلابی بہتری متوقع
کوئٹہ 12 دسمبر: سی پیک سبزل روڈ کی توڑ پھوڑ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام اطلاعات کو چیف منسٹر پیکیج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے مسترد کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ منصوبے پر کام مقررہ منصوبہ بندی کے تحت جاری ہے۔ ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر عابد محمود کے مطابق سی پیک سبزل روڈ کے ایک پورشن پر سے Asphalt Removal کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور پائلنگ کا کام کل سے شروع ہو جائے گا۔ ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج عابد محمود نے بتایا کہ سبزل روڈ اور سمنگلی روڈ کے چوک پر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جدید فلائی اوور تعمیر کیا جا رہا ہے، جس پر جاری کھدائی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ “یہ فلائی اوور نارتھ–ساؤتھ کوریڈور کی اہم کڑی ہے۔” انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سریاب کسٹم سے ایئرپورٹ تک جانے والے شہریوں کو ریڈ زون اور رش والے علاقوں سے گزرنا پڑتا ہے جس سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ فلائی اوور کی تکمیل کے بعد یہ فاصلہ محض 20 منٹ میں طے ہو سکے گا، جو شہریوں کے لیے بڑا ریلیف ہوگا عابد محمود کے مطابق اس سے قبل کوئٹہ میں نارتھ–ساؤتھ ٹریفک کے لیے صرف دو مین روٹس — سریاب روڈ جو زرغون روڈ اور ریڈ زون سے گزرتا ہے اور مغربی بائی پاس موجود تھے جن پر بھاری ٹریفک کا شدید دباؤ رہتا ہے۔ نئے کوریڈور کے فعال ہونے سے نہ صرف سمنگلی روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوگا بلکہ زرغون روڈ پر بھی ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد سوشل میڈیا خبروں پر یقین کرنے کے بجائے سرکاری اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ حکومتی حکام کے مطابق یہ منصوبہ طے شدہ رفتار کے مطابق جاری ہے اور کوئٹہ کے ٹریفک سسٹم میں دیرپا اور نمایاں مثبت تبدیلی لائے گا۔



