حارث نے نیدرلینڈ کے زخمی کھلاڑی کو گلے لگا لیا، ویڈیو نے دل جیت لیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں خطرناک باونسر سے زخمی ہونے والے نیدرلینڈ کے کھلاڑی کو حارث رؤف نے میچ کے بعد گلے لگا لیا۔
پاک نیدرلینڈز میچ میں حارث رؤف نے مخالف ٹیم کے بیٹر کو اپنے باؤنسر سے شدید زخمی کر دیا تھا۔ رؤف کا تیز رفتار باؤنسر سیدھا نیدرلینڈز کے بیٹر بیس ڈی لیڈ کی آنکھ پر جا لگا جس کی وجہ سے انھیں میچ سے باہر ہونا پڑ گیا۔
حارث رؤف کی گیند اتنی تیز تھی کہ ہیلمٹ ہونے کے باوجود بیس ڈی لیڈ کی دائیں آنکھ کے اوپر اور نیچے سے خون بہنے لگا، جس پر فوری طور پر معالج کو گراؤنڈ میں آنا پڑا، اور پھر کچھ دیر کی طبی امداد کے بعد بیس ڈی لیڈ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
میچ کے اختتام پر جب ٹیمیں آپس میں مصافحہ کر رہی تھیں تو اس دوران حارث اور بیس ڈی لیڈ کا آمنا سامنا ہو گیا، حارث نے زخمی کھلاڑی کو گلے لگاتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حارث نے ان کی جلد میدان میں واپسی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔