پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی بخار کے باعث 4 افراد جاں بحق
لاہور: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 8 ہو گئی۔
ڈینگی جانیں نگلنے لگا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں حالات بگڑنے لگے، اموات اور کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی۔ پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 594 نئے مریض سامنے آئے۔
لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 452 نئے مریض سامنے آگئے۔ راولپنڈی سے ڈینگی کے 49، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے 12 مریض رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے ایک مریض دم توڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 253 کیسز، پشاور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 179 کیسز سامنے آئے۔ پشاور کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 170 مریض زیرعلاج ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبےمیں ڈینگی سے اب تک 8 اموات ہو چکی ہیں۔