‘دنیا چاہتی تھی پاکستان ڈیفالٹ کرے اور ہمارا تماشا بنے’، وفاقی وزیر خزانہ کا سینیٹ میں اظہار خیال
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا چاہتی تھی پاکستان ڈیفالٹ کرے اور ہمارا تماشا بنے۔ چین ، عرب امارات اور سعودی عرب نے بھرپور مالی تعاون کیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ ہم نے پوری کوشش کر کے ادائیگیاں وقت پر کیں۔ ہمارے فارن ریزرو 14 ارب ڈالر تک پہنچنے والے ہیں۔ آنے والے دو، تین مہینوں کی ادائیگیوں کا بندوبست کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے 10 سال مکمل ہو رہے ہیں، چین کے نائب صدر آج پاکستان آ رہے ہیں۔ پاکستان نے تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ بیرونی ریزرو 15 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں۔ ہماری جون کے مہینے میں چین کو 2.3 ارب ڈالر کی ادائیگی زیر التوا تھی۔ چین نے فروری میں جان لیا کہ پاکستان نے تمام لوازمات پورے کئے تو اس نے اپنے بینکوں کو گرین سگنل دے دیا۔ چین نے وہ ادائیگی رول اوور کر دی۔