یووراج سنگھ سے1 اوور میں 6 چھکے کھانے والے باؤلر سٹیورٹ براڈ نے اس حوالے سے بالآخر خاموشی توڑ دی
برطانوی باؤلر سٹیورٹ براڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ، اس موقع پر پہلی بار انہوں نے یووراج سنگھ سے 1 اوو ر میں 6چھکے کھانے کے بارے میں بھی اپنے تجربے کا اظہار کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ یووراج سنگھ کے چھکوں نے انہیں ذہنی طور پر مضبوط ہونے کا موقع فراہم کیا اور انہیں کھیل میں آگے بڑھنے میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ یووراج سے چھکے پڑنے کے بعد میں نے گیم میں مقابلہ کرنا سیکھاجس کی وجہ سے میں گیم کو اچھے نوٹ پر چھوڑ رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا پروفیشنل کیرئیر کے دوران کرکٹر کو اونچ نیچ کا سامنا رہتا ہے ، بین سٹوکس کے کیر ئیرپر بھی نظر ڈالیں تو انہوں نے بھی ایسا ہی کیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس برتھ ویٹ سے4چھکے کھا کر میچ ہارنے کے بعد وہ تیار ہوئے اور آج ان کی پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔سٹیورٹ براڈ نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال سے باہر نکل کر اپنے آپ کو آگے کے مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہی ہمت کی بات ہے۔ 15،16 برسوں کے کیر ئیر میں ایک چیز جانتا ہوں کہ کرکٹ میں اچھے دنوں سے زیادہ برے دن آئیں گے،کرکٹر کو برے دنوں کا مقابلہ کرنا ہوتا ہے تاکہ اچھے دنوں کو آنے کا موقع ملے۔