9گھنٹے کی فلائٹ میں شرابی مسافر کی امریکی ماں بیٹی سے چھیڑ چھاڑ ، فحش حرکات کرنے کا واقعہ سامنے آگیا

0

 امریکی ایئر لائن میں شراب کے نشے میں دھت ایک شخص نے خاتون اور اس کی بیٹی کو 9 گھنٹے تک مسلسل ہراساں کئے رکھا، جس پر ایئر لائن کمپنی پر 2 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کر نے کا مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔

مقدمے میں ایئر لائن پر سنگین غفلت کا الزام عائد کیا گیا ہے اور متاثرین کیلئے معاوضے کی درخواست کی گئی ہے خاتون اور اس کی بیٹی کو ہراساں کرنے کا واقعہ 26 جولائی کی فلائٹ میں پیش آیا تھا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایتھنز، یونان جانیوالی پرواز میں ایک شخص 9 گھنٹے تک شراب کے نشے میں دھت خاتون کو مسلسل ہراساں کرتا رہا۔ خاتون کی جانب سے عملے سے اس کی شکایت بھی کی گئی، مگر عملے نے متاثرہ خاتون کی درخواست کو مسلسل نظر انداز کیا اور اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جبکہ اس شخص کو شراب نوشی کےلئے ایئرلائن کی جانب سے شراب مسلسل فراہم کی جاتی رہی۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ نشے میں دھت شخص نے متاثرہ خاتون اور ان کی بیٹی کے ساتھ پورے سفر کے دوران جارحانہ رویہ رکھا اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی حد تک بڑھ گیا تھا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایئرلائن کے عملے نے مبینہ طور پر نشے میں دھت شخص کو مقامی حکام یا امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبینہ جنسی زیادتی کے بارے میں آگاہ کیے بغیر طیارے سے اپنی منزل پر جانے کی اجازت دی۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ شرابی شخص ماں بیٹی کی سیٹ کی برابر والی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا اور اس دوران اس نے خاتون کی 16 سالہ بیٹی سے بات کرنے کی کوشش کی۔ خاتون کی بیٹی نے اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کی تو یہ شخص اس لڑکی پر بگڑنا شروع ہوگیا اور اس پر چلانا بھی شروع کردیا۔درخواست میں کہا گیا کہ اس شخص نے خاتون کی بیٹی کو فحش اشارے کیے اور ان کا پتا معلوم کرنے کی کوشش بھی کی۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس نے لڑکی کی پیٹھ پر ہاتھ رکھ کر اسے خوفزدہ بھی کیا۔درخواست کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ دوسرے مسافروں نے بھی اس واقعہ کو دیکھا کیونکہ وہ شخص ان پر زور زور سے چیخ رہا تھا۔ خاتون فلائٹ اٹینڈنٹ کے پاس پہنچی اور انہیں بتایا کہ وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، جس پر عملے کی خاتون نے متاثرہ خاتون کو صبر کرنے کا کہا اور وہاں سے چلی گئیں۔امریکی اخبار دی نیو یارک پوسٹ کے مطابق مدعی کے وکیل نے بتایا کہ دوران پرواز جو کچھ میرے موکل کے ساتھ ہوا وہ صرف ایک ڈرائونا خواب نہیں تھا اسے مکمل طور پر روکا جا سکتا تھا۔نشے میں دھت شخص کی جانب سے خاتون اور اس کی بیٹی کو جنسی طور پر مسلسل ہراساں کیا جاتا رہا مگر ایئرلائن کے عملے کی جانب سے ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.