پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچنے کا امکان
اسلام آباد : پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، عالمی وباء سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔
حکومتی عہدیداروں کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین کی 11 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں، جنہیں پاکستان پہنچانے کیلئے خصوصی کنٹینر بھی دوست ملک نے پاکستان کے حوالے کیا تھا۔ قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ میں 5 لاکھ خوراکیں لائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے آئندہ ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے سدباب کیلئے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں متعدد ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ویکسینیشن کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔ ملک میں سیکڑوں ویکسینیشن مراکز کوویڈ ویکسین لگائیں گے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 65 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 623 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 43 ہزار 214 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 179 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 56 ہزار 928، سندھ میں 2 لاکھ 45 ہزار 663، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 679 بلوچستان میں 18 ہزار 809، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 908، اسلام آباد میں 41 ہزار 255 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 972 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 78 لاکھ 89 ہزار 741 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 435 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 98 ہزار 152 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 623 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 716، سندھ میں 3 ہزار 986، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 890، اسلام آباد میں 475، بلوچستان میں 195، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 259 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔