نادرا کے کلائنٹس اعتماد اور باہم سیکھنے کے ساتھ ٹیکنالوجی کی مکمل منتقلی سے کسٹمائزڈ سلوشن استعمال کرنے کے قابل ،متعدد ممالک نے اس کی خدمات سے استفادہ کیا ہے، چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر
:چیئرمین نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر نے کہا ہے کہ متعدد ممالک نے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں نادرا کی خدمات سے استفادہ کیا ہے، نادرا کے کلائنٹس اعتماد اور باہم سیکھنے کے ساتھ ٹیکنالوجی کی مکمل منتقلی سے کسٹمائزڈ سلوشن استعمال کرنے کے قابل ہیں۔ فرانس میں پاکستان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں تین روزہ ٹرسٹیک 2023 نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ چیئرمین نادرا نے ٹرسٹیک کے شرکا سے اپنے خطاب میں 2000 میں نادرا کے قیام سے لے کر اب تک اس کے ابھرتے کردار کا ذکر کرتے ہوئے ادارے کی تمام کامیابیوں بشمول شناختی دستاویزات (قومی شناختی کارڈ، اوورسیز کارڈ) سمیت مالیاتی نظام (موبائل/برانچ لیس بینکنگ، ترسیلات زر، پنشن کی تقسیم)، ای گورننس (آن لائن ویزا، ٹیکسیشن سسٹم، ای پاسپورٹ، قانونی وراثت)، صحت اور تعلیم (ویکسی نیشن سسٹم، سکالرشپ پروگرام) اور سماجی تحفظ (ڈیزاسٹر ریلیف پروگرام، سبسڈی پروگرام) کے بارے میں آگاہ کیا۔
فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے ٹرسٹیک نمائش میں لگائے گئے نادرا کے پویلین کا دورہ کیا جہاں انہیں چیئرمین نادرا نے نادرا کی جانب سے شروع کئے گئے ”ڈیجیٹل تبدیلی اور خدمات” کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان کے سفیر نے نادرا کے کام کو شناخت کے ذریعے بااختیار بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے ادارے کی متعارف کردہ نئی خدمات خاص طور پر اس کی موبائل ایپ سہولت کی تعریف کی۔ سفیر نے نمائش کا دورہ کیا اور مختلف ممالک کے مختلف نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔ ٹرسٹیک نمائش ڈیجیٹل ٹرسٹ ٹیکنالوجیز کی صنعتوں سے وابستہ افراد کو سالانہ ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہے جو دنیا بھر سے آنے والوں کو راغب کرتی ہے۔
پیرس میں ٹرسٹیک نمائش کے 39 ویں ایڈیشن نے ٹیک، سمارٹ کارڈ اور اختراعی ادائیگی کی صنعتوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی اور سرکاری اداروں کے نمائندوں کی جانب توجہ مرکوز کرائی ۔ تین روزہ ٹرسٹیک 2023 نے نمائش کنندگان، سپانسرز اور سٹارٹ اپس کو ان کی تازہ ترین اختراعات کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کیا ۔نمائش کے دوران 70 کانفرنسیں ہوں گی جن میں 100 سے زائد بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں گے جبکہ 92 ممالک کے تقریباً 200 نمائش کنندگان اور 6,500 پیشہ ور افراد نمائش میں شرکت کر رہے ہیں،
توقع ہے کہ 80 فیصد افراد مخصوص سرمایہ کاری کے منصوبوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹرسٹیک نمائش میں شرکت کریں گے۔ نمائش میں پاکستان کی شرکت نادرا کو مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اہم ملاقاتیں کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی اور مستقبل میں اس کی ترقی کے لیے نئے راستے کھلنے کا امکان ہے۔ قبل ازیں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور تارکین وطن اور دیگر افراد کو آن لائن ویزے کی سہولت کے لیے اپنائے گئے موثر ترسیلی طریقہ کار کے حوالے سے اس کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سفارتخانے کے افسران بھی موجود تھے۔