پاکستان اب ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا: مولانا عبدالواسع

0

کوئٹہ. جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے پاکستان اب ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرےگی مولانا فضل الرحمان کا دورہ بلوچستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے پارٹی عہدیدار اور کارکن 8 دسمبر کے کنونشن کو کامیاب کرائیں .
ان خیالات کا اظہار انہوں نےجناح ٹاؤن میں لونی قوم کے سربراہ ضلع لورالائی کے سابق ناظم اور وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن سردار جہانزیب خان لونی، سردار اسماعیل خان لونی اور سردار ہمایوں خان لونی کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر مولانا کمال الدین. حاجی عین اللہ شمس. مولانا حسین احمد شرودی. مولانا عبدالخالق مری. عثمان بادینی. مولانا خورشید احمد. سید عبدالواحد آغا، حاجی عنایت اللہ بازئی، حاجی دین محمد سیگی، ایم پی اے حاجی زابد ریکی. حاجی بشیر احمد کاکڑ. مولانا محمد امین. حاجی رحمت اللہ کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان چورن بیچ رہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرکےالیکشن میں 5 سال کے لیے حکومتیں مل جائیں گی۔ انتخابات وقت پر ہوں گے تو 2 صوبائی حکومتوں کے ساتھ مرکزکا انتخاب لوٹ لیں گے، عمران خان کےسارے خواب چکنا چور ہوگئے، اب اس کو ڈراؤنےخواب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ڈنکے کی چوٹ پر عمران خان کو نکالا ہے، ہم نے عمران کو گریبان سے پکڑ کر اقتدار سے باہر کیا۔ جو تم نے کیا یہ اس کا مکافاتِ عمل ہے ، تم اب بند گلی میں چلے گئے ہو ، تم آزادی نہیں آوارگی چاہتے ہو ، دھمکی دیتا ہے کہ استعفے دے دیں گے، تم نے استعفے دیے تھے پھر اسمبلی میں واپس آئے یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام کو غیرضروری مسائل میں الجھانے کی بجائے بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ترجیح بنانا چاہتے ۔عمران خان کا لانگ مارچ لنگڑا ہوچکا ہے، اب شاید یہ مارچ کبھی بھی اسلام آباد نہ پہنچ سکے۔عمران خان نے اپنی بدزبانی اور خودپسندی کی وجہ سے ملکی اداروں کو متنازعہ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی سمیت ججز کی تقرری کے عمل کو بھی عمران خان متنازعہ بنا چکے ہیں۔ آرمی چیف کی تقرری کا عمل آئین کے مطابق بخیر و عافیت تکمیل تک پہنچ گیا انہوں نے کہا کہ عمران نے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل کر امریکہ کی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا، لیکن درحقیقت سب سے بڑا غلام یہ خود ہے۔ تحریک انصاف کی طرز سیاست جمہوریت کے دامن پر ایک داغ کے سوا کچھ نہیں۔ اپنے دور اقتدار میں پارلیمان کی تضحیک کرنے والا آج جمہوریت کا چیمپئن بننے کا ناٹک کررہا ہے لیکن اب عوام باشعور ہوچکی ہے، مزید اسکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ عوام یہ بھی جان چکی ہے کہ عمران کی سیاست صرف اسکی ذات اور وزارت عظمی کی کرسی تک محدود ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.