ثانیہ مرزا کِس سوال سے اُکتا چکی ہیں؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ میں اپنی پسندیدہ ٹیم سے متعلق بات کی۔
کراچی میں موجود ثانیہ اور شعیب نے بیٹے اذہان کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔میزبان احسن خان نے ثانیہ سے سوال کیا کہ آپ سے کوئی بھی میزبان یا صحافی سب سے بدترین سوال کیا کرسکتا ہے؟
ثانیہ نے جواب دیا کہ ایک سوال جو مجھ سے ہمیشہ کیا جاتا ہے، جو کافی پرانا اور برا ہے اور اس کا میں دوبارہ جواب نہیں دینا چاہتی وہ یہ کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ میں کسے سپورٹ کروں گی، میں یہ سوال سُن کر تھک چکی ہوں۔
ثانیہ کے ساتھ موجود شعیب نے مذاق میں سوال دوبارہ دہرایا جس پر ثانیہ نے جواب دینے کے بجائے فوراً سوال کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹینس کے مقابلے میں وہ کسے سپورٹ کریں گے جب کہ ان کی اہلیہ بھارت کی طرف سے کھیل رہی ہوں تو؟
شعیب شروع میں تھوڑا سا گڑبڑائے اور پھر ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ظاہر سی بات ہے میں اپنی بیوی کو سپورٹ کروں گا لیکن میں اپنے ملک سے بھی محبت کرتا ہوں جس پر ثانیہ نے کہا بالکل، میرا جواب بھی یہ ہی ہے۔