بیوی پر تشدد کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار
کراچی: سائٹ سپرہائی وے پولیس نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا۔
ٹک ٹاکر کی چند روز قبل سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا ہوا دکھائی دیا تھا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا فیصل جعفری نے بتایا کہ بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انھوں نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر پی ٹی وی سوسائٹی اسکیم 33 میں چھاپہ مار کر ٹک ٹاکر گوپال کو گرفتار کرلیا۔
انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم گوپال کی اہلیہ سونیا نے بیان دیا ہے کہ میرے شوہر کو شک ہوا تھا کہ میں کسی لڑکے سے موبائل فون پر بات کر رہی ہوں اس وجہ سے انھوں نے مجھ پر ہاتھ اٹھایا تاہم انہوں نے اپنے شوہر کی غلطی معاف کردی ہے اور آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔
ایس ایچ او فیصل جعفری نے بتایا کہ بعدازاں پولیس نے گرفتار گوپال کی اہلیہ کی جانب سے ذاتی مچلکہ جمع کرانے پراس کے شوہر کو پابند کر کے جانے کی اجازت دے دی کہ کسی بھی قانونی کارروائی کے لیے ضرورت پیش آئی تو اسے پیش ہونا پڑے گا ۔