بلدیاتی انتخابات کا معاملہ: چیف الیکشن کمشنر اور اراکین سپریم کورٹ طلب
اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کو طلب کرلیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ؟ عوام کو جمہوریت سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے، بلدیاتی انتخابات نہ کرا کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، کیا چیف الیکشن کمشنر اور ممبران نے اپنا حلف نہیں دیکھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کدھر ہیں ؟ اٹارنی جنرل اگر وزیراعظم کےساتھ ہیں تو انہیں بتائیں آئین زیادہ اہم ہے۔