سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالر سپورٹ فنڈ، 1.2 ارب ڈالر کا ادھار تیل دے گا
اسلام آباد : سعودی حکومت پاکستان کو 3 ارب ڈالر فنڈ دے گی، ایک ارب 20کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی ملے گا۔ فواد چودھری اور حماد اظہر نے سعودی امداد کو معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیدیا۔
وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات ، سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالر فنڈ دے گا، ایک ارب 20کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی ملے گا، تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جلد جمع ہوجائیں گے۔
شاہی ہدایت پر سعودی ترقیاتی فنڈ اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کرے گا تاکہ محفوظ اثاثوں اور کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان درپیش مسائل حل کر سکے، سعودی عرب تیل کی خریداری کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ایک سال کےدوران فراہم کرے گا، سعودی ترقیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ یہ شاہی ہدایات برادر ملک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے-
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی امداد کو خوش آئند قرار دیا، وزیرتوانائی حماد اظہر نے کہا کہ سعودی سہولت معیشت کو سہارا دینے میں مدد فراہم کرے گی، تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جلد جمع ہوجائیں گے۔ تیل کے لیے پاکستان کو فوری ادائیگی نہیں کرنا ہو گی بلکہ یہ موخر ادائیگی کی سہولت کے تحت دستیاب ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ سعودی عرب نےاسٹیٹ بینک میں 3 بلین ڈالرجمع کرنےکااعلان کیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی اعانت کیلئے 1.2ارب ڈالر امریکی ڈالر بھی دیں گے، دنیا کو بڑھتی قیمتوں کا سامنا ہے، اس کے باوجود سعودی عرب نے مدد کی۔