افغان باشندوں کے دستاویز ٹھیک ہیں تو ویزا دینے کو تیار ہیں، وزیرداخلہ

0 33

لاہور:  وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کے دستاویز ٹھیک ہیں تو ویزا دینے کو تیار ہیں۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستانیوں کا انخلا مکمل ہو چکاہے، چمن اور طورخم بارڈر مکمل طور پر کھلے ہیں اورٹریڈ جاری ہے، ایک ہزار 480افراد کو طور خم بارڈر سے انٹری دی ہے، افغانستان سے آنے والے غیر ملکی اپنے خرچے پر پاکستان آسکتے ہیں، فی الحال اسلام آباد کے دونوں ائیرپورٹس پر سہولیات دی جائیں گی، کابل سے آنے والے سفارتی عملے کے لیے اسلام آباد ائیرپورٹ رکھا ہے، افغان باشندوں کے دستاویز ٹھیک ہیں تو ویزا دینے کو تیار ہیں، امریکی،جرمن ،برطانوی سمیت تمام ممالک کےسفارتکاروں کو بھی ویزا دینے کے لئے تیار ہیں، غیر ملکی سفارتکار پاکستان آئیں 21 روز کا ٹرانزٹ دیا جائے گا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں درپیش مشکل صورتحال میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، خطے میں پاکستان کا کردار اہمیت اختیار کررہاہے، پاکستان کی پالیسیاں کامیاب ہیں، ان حالات میں اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ ہونا چاہیے، سیاست ملک کے لیے ہونی چاہیے ذات کے لیے نہیں، مولانا فضل الرحمان کو مذہبی معاملات پر قومی کردار ادا کرنا چاہیے، سی پیک کے خلاف سازش پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے  بھارت نے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف جب بولتے ہیں تو مریم اور نواز خاموش ہوجاتےہیں، بلاول بھٹو کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتا، عمران خان 3 سال پورے کرچکے اب باقی 2سال میں بڑے بڑے لوگ جیل جائیں گے، اور عمران خان آئندہ الیکشن بھی نہیں ہاریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.