بجلی ایک روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی
اسلام آباد (این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی ایک روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو بجلی کی قیمت ایک روپے 73 پیسے مہنگی کرنے کی سفارش کی تھی۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروق کی صدارت میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 56 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی۔نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے۔نیپرا اعلامیے کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والیصارفین پر نہیں ہوگا جبکہ بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 14 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔حکام سی پی پی اے کے مطابق گیس نہ ہونے کی وجہ سے فرنس آئل سے بجلی پیدا کر رہے ہیں، سردیوں میں پن بجلی بھی بہت کم پیدا ہو رہی ہے۔نیپرا نے بجلی کے ترسیلی نظام پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جتنا زور پاور پلانٹس پر لگایا گیا ترسیلی نظام پر اتنی توجہ نہیں دی گئی۔