امریکا کا سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان
واشنگٹن : امریکا نے کورونا وائرس کی وجہ سے غیر ملکی مسافروں پرلگائی گئی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔خبررساں اداروں کے مطابق اب امریکی شہریوں کے علاوہ غیرملکی شہری بھی امریکا کا سفر کرسکیں گے۔2020 میں وبائی مرض شروع ہونے کے بعد پہلی بار پروازوں کی پابندیاں ختم کی گئیں ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے امریکا جانے والے غیر ملکی مسافروں کے لیے نئے قوانین کا خاکہ بھی پیش کر دیا ہے۔ نئے قوانین اور پابندیوں میں نرمی کا اطلاق8 نومبر سے ہوگا۔امریکا کے لیے سفر کرنے والوں کو کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہو گا۔ امریکی ہیلتھ ریگولیٹرز کی طرف سے منظور شدہ کوئی بھی ویکسین قابل قبول ہوگی۔
ویکسین شدہ افراد کو 3 دن پہلے اور غیرویکسین شدہ کو ایک دن پہلے کووڈ ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا۔بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 18 سال سے کم عمر کے بچے ویکسینیشن کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے، لیکن پھر بھی سفر کے تین دن کے اندر لیا گیا منفی ٹیسٹ فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
اگلے ماہ سےامریکی سفری پابندیوں سے چھوٹ حاصل کرنے والے ممالک میں برطانیہ، یورپ، چین اور بھارت سمیت درجنوں ممالک شامل ہوں گے۔اس وقت برازیل، چین، جنوبی افریقہ، برطانیہ، یورپ کے 26 ممالک، آئرلینڈ، بھارت اور ایران سے آنے والوں پر سفری پابندیاں عائد ہیں۔