ہم عہد کرتے ہیں اس ملک کو مثالی ملک بنائینگے ، وزیر داخلہ
اسلام آباد (این این آئی)یوم قائد کے موقع پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہاہے کہ ہم عہد کرتے ہیں اس ملک کو مثالی ملک بنائینگے ، موجودہ دور میں درپیش مشکلات کا سامنہ کر کے ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ اس ملک کو ایک مثالی ملک بنائیں گے- انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں درپیش مشکلات کا سامنہ کر کے ہمیں آگے بڑھنا ہے- انہوںنے کہاکہ فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسے ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کر کے ایک متحد اور یکجا قوم بن کر آگے بڑھنا ہے- آج کے دن ہمیں قائد کے پیغام کو نہ صرف یاد رکھنا ہے بلکہ اس پر عمل پیرا ہو نے کا عزم بھی کرنا ہے- اس ملک کی ترقی میں ہماری ترقی ہے ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا یے اور اندرونی و بیرونی خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے- انہوںنے کہاکہ آج کے دن ایمان اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے منظم طریقے سے ترقی کی منازل کا سفر طے کرنے کا عہد کرتے ہیں- انہوںنے کہاکہ اگر پوری قوم یکجا ہو اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرے تو قائد اعظم کے الفاظ کے مطابق کوئی دنیا کی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی- پاکستان پائندہ باد