چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قائداعظم کو 144 ویں سالگرہ پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم کو ان کی 144 ویں سالگرہ پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دو قومی نظریئے کی اہمیت و افادیت مزید واضح ہو رہی ہے۔ بدھ کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے ایک ملک قائم کرکے تاریخ رقم کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دو قومی نظریئے کی اہمیت و افادیت مزید واضح ہو رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح جنوبی ایشیا کے دوراندیش رہنما تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیئے ایک علحیدہ ملک کا خواب دیکھا جہاں وہ آزدی اور امن سے رہ سکیں ۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے ویڑن کی حقیقی علمبردار ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے ویڑن پر عملدرآمد کی جدوجہد کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملک کے بانی اجداد کی جانب سے شروع کردہ تحریکِ آزادی ایک ختم نہ ہونے والی لڑائی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمیں ابھی استبدادیت کے ان بھوتوں نکال باہر پھینکنا ہے، جن کے باعث ہم نے مشرقی پاکستان کو گنوادیا۔ انہوںنے کہاکہ آمریتی قوتوں نے ون یونٹ کے تحت پاکستان کو مظبوط بنانے کے نام پر بہت پہلے ہی ملک کو دولخت کردیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی قومی اتحاد کے نام پر ملک میں اب ایسی کسی عدم برابری کو تقویت دینے والے اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوںنے کہاکہ آمریتی قوتوں کی رکاوٹوں اور انتقامی کاروائیوں کے باوجود پیپلز پارٹی قائداعظم کا نامکمل مشن پورا کرے گی۔