بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبے بھر میں مضر صحت اشیاءکے تدارک کیلئے کارروائی ، متعدد پر جرمانے
کوئٹہ ، اوستہ محمد ، مستونگ : بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبہ بھر میں ناقص و مضر صحت اشیاءخوردونوش کے تدارک کیلئے مراکز کی انسپیکشن کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو بی ایف اے کی کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں معروف بیکرز کے بیکنگ یونٹ اور ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 4 ملک شاپس سمیت 12 ، مستونگ میں 4 جبکہ اوستہ محمد ضلع جعفرآباد میں 2 مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ بی ایف اے حکام نے اسپنی روڈ اور جوائنٹ روڈ میں قائم مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے معروف ایلڈوراڈو بیکرز (بیکنگ یونٹ) کو تیار بیکنگ آئٹمز پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے، بیکنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی اور اشیاءکی اسٹوریج کیلئے نان فوڈ گریڈ (کیمیکل کینز) کے استعمال جبکہ میر ہوٹل، ایچ کے آر ریسٹورنٹ اور السادات ہوٹل کو متفرق وجوہات صفائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی کی بری حالت اور پکوان میں استعمال کیے جانے والے گوشت کو مراکز کے باہر لٹکانے پر جرمانہ کیا، اس دوران 2 میٹ شاپس کے خلاف گزشتہ اصلاحی نوٹسز کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ میں بیکرز و جنرل اسٹور سے زائد المعیاد کولڈرنکس، پیکٹ دودھ، مصالحے اور ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ برآمد ہوا جبکہ 1 برفی بنانے والے کارخانے میں صفائی کی صورتحال ابتر مکھیوں کی بھرمار پائی گئی، اشیاءذخیرہ کرنے کا نظام ناقص اور تیار اشیاءپر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ بھی موجود نہیں تھیں جس پر مذکورہ دونوں مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ زونل سطح پر بی ایف اے کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے مستونگ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 فوڈ کارنرز، ایکسپائرڈ مشروبات کی فروخت پر 1 کولڈرنک شاپ اور 1 ہولسیل ٹریڈر جبکہ اوستہ محمد میں بھی زائد المعیاد مصنوعات برآمد ہونے پر 1 جنرل اسٹور اور 1 کولڈرنک شاپ کو جرمانہ کیا گیا۔