ہمیں انتہا پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، وزیر داخلہ بلوچستان

0

کوئٹہ( این این آئی)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ہمیں انتہا پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے اس عزم کی تجدید کرنی ہوگی کہ ہم قائداعظم کے نقطہ نظر کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کی خدمات کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم محمد علی جناح کی143 یوم ولادت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو حقیقی فلاحی، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانا ہے، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ بھی کرنا ہوگا کہ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، ہم سب قائداعظم کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ایک قوم کی حیثیت سے کام کریں گے اور پاکستان کو دنیا میں اس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ نے پوری دنیا کی مسیحی برادر ی کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی یوم ولادت اور کرسمں کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ کی ذات اقدس انسانیت کی رہنمائی اور تشکیل کے لئے بہترین نمونہ ہے ہمارا دین دوسرے مذاہب کے لوگوں کے ساتھ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے مسیحی برادری نے قیام پاکستان کے مشن میں قائداعظم کا ساتھ دیا لہذا یہ ہماری دینی و قومی ذمہ داری ہے کہ ہم دوسرے مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے وہ تمام اقدامات کررہی ہے جو ان کے بنیادی زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہیں تاکہ یہ تاثر قائم نہ ہو کہ پاکستان میں یہ طبقہ غیر محفوظ ہے یا انہیں بنیادی حقوق حاصل نہیں،اس سے نہ صرف نفرتوں کا خاتمہ ہوگا بلکہ ملک و صوبے میں امن وامان برقرار رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیشہ اتفاق و بھائی چارے کا پیغام دیا ان کی تعلیمات اور رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.