پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنے رسم و رواج کے مطابق اپنی مذہبی رسومات منانے کی آزادی حاصل ہے، قاسم خان سوری
قائمقام سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنے رسم و رواج کے مطابق اپنی مذہبی رسومات منانے کی آزادی حاصل ہے۔ منگل کو قائم مقام اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ تقریب میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سی ڈی اے کے مسیح برادری کے ملازمین نے شرکت کی ۔ قاسم خان سوری نے کہاکہ کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے پارلیمینٹرین سمیت پوری مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قائمقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہاکہ کرسمس خوشیوں اور روشنیوں کا تہوار ہے، اسلام امن اور محبت کا دین ہے اور تمام مذہب کے ماننے والوں کے ساتھ رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے۔قاسم سوری نے کہاکہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ قائمقام اسپیکر نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنے رسم و رواج کے مطابق اپنی مذہبی رسومات منانے کی آزادی حاصل ہے، ہمارا پڑوسی ملک بھارت میں اقلیتوں کو جس ظلم و ستم اور نا انصافی کا سامنا ہے دنیا میں اْس کی مثال نہیں ملتی۔قاسم خان سوری نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان میں بسنے والے مسیح برادری کی ملک کی تعمیر ترقی میں خدمات قابل ستائش ہیں۔